ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کے الزام کے کیس میں شیخ رشید کے خلاف فردجرم کی کاروائی ایک بار پھر موخر کردی گئی ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں شیخ رشید کے وکیل سردار شہباز پیش ہوئے ، شیخ رشید کی جانب سے آج حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی ۔ ملزم کے وکیل سردار شہباز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے باجود پی ٹی آئی لیڈران کو جیل میں بند کیاجارہا ہے ، شیخ رشید کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس سرگرم ہے، وہ ضمانت پر ہیں اور کسی کیس میں مطلوب نہیں۔ شیخ رشید کے وکیل نے مزید کہا کہ شیخ رشید کے راولپنڈی اور اسلام آباد میں رہائش گاہوں پر چھاپے مارے گئے، وکیل سردار شہباز نے عدالت سے استدعا کی کہ شیخ رشید موجودہ صورتِ حال میں پیش نہیں ہو سکتے، حاضری سے استثنی دیا جائے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی ، عدالت کی جانب سے شیخ رشید کیخلاف فرد جرم کی کارروائی پھر موخرکر کے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی