آسٹریلیا نے ماسٹرز کی تعلیم کے خواہش مند پاکستانی طلبہ کے لئے مکمل مالی معاونت پر مبنی اسکالرشپس کا اعلان کر دیا۔پاکستانی طلبہ کو وظائف آسٹریلیا ایوارڈز پروگرام کے تحت فراہم کیے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے طلبہ آسٹریلیا کی تسلیم شدہ جامعات میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔آسٹریلوی حکام کے مطابق ان اسکالرشپس کے لیے امیدواروں کا انتخاب تعلیمی کارکردگی، پیشہ ورانہ تجربے، قیادت کی صلاحیت اور پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی اہلیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ خواتین، معذور افراد اور دیگر پس ماندہ طبقات کی درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی۔ان اسکالرشپس میں ان طلبہ کو زیادہ ترجیح دی جائے گی جو ایسے مضامین پڑھنا چاہتے ہیں جن کا تعلق موسمیاتی تبدیلی کے مسائل، خواتین اور بچیوں کو مضبوط اور خودمختار بنانے، زراعت اور پانی کے بہتر استعمال، سڑکوں، عمارتوں اور دیگر بنیادی سہولیات، اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی سے ہو۔یہ اسکالرشپس صرف ماسٹرز ڈگری کے لئے ہوں گی اور منتخب طلبہ 2027 میں آسٹریلیا میں اپنی تعلیم کا آغاز کریں گے۔ وہ امیدوار جو پہلے ہی اسی سطح کی ڈگری رکھتے ہیں، درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ تمام ڈگریاں تسلیم شدہ آسٹریلوی اعلی تعلیمی اداروں سے مکمل کی جائیں گی۔
اسکالرشپ کے تحت طلبہ کو مکمل تعلیمی فیس، رہائش کے اخراجات، آمد و رفت کے ہوائی ٹکٹ اور دیگر تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ صحت کی انشورنس اور تعلیمی معاونت بھی دی جائے گی۔وظیفہ حاصل کرنے والوں کو اوورسیز اسٹوڈنٹ ہیلتھ کوریج، تعارفی تعلیمی پروگرام، اضافی تعلیمی معاونت، اور ایسے تحقیقی یا کورس ورک پروگرامز کے لیے فیلڈ ورک الانس بھی فراہم کیا جاتا ہے جن میں فیلڈ ورک لازمی ہو۔درخواست دینے کیلئے امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا، پاکستان میں مقیم ہونا، ملک کے اندر سے درخواست دینا، کم از کم 16 سالہ تعلیم اور 5 سال کا متعلقہ کام کا تجربہ ہونا ضروری ہے، جب کہ عمر کی حد 45 سال مقرر کی گئی ہے۔ درخواست دہندہ کے پاس آسٹریلوی شہریت، مستقل رہائش نہیں ہونی چاہیے، نہ ہی وہ مستقل ہجرت کیلئے درخواست دے رہا ہو۔معذور افراد 6.0 آئی ایلٹس اسکور کے ساتھ درخواست دے سکتے ہیں، بشرطیکہ کسی بھی بینڈ میں اسکور 5.0 سے کم نہ ہو۔ منتخب امیدواروں کو تعلیم کے آغاز سے قبل مطلوبہ انگریزی زبان کا اسکور مکمل کرنا ہوگا۔درخواست دہندگان کو پالیسی ہینڈ بک اور پاکستان سے متعلق شرائط میں درج تمام دستاویزات جمع کروانا ہوں گی۔ تمام دستاویزات رنگین اسکین شدہ ہوں، ہر زمرے کے تحت ایک واحد پی ڈی ایف میں مرتب کی گئی ہوں اور واضح طور پر نامزد ہوں۔
لازمی دستاویزات میں اعلی تعلیمی ڈگریوں کے سرٹیفکیٹس اور تعلیمی اسناد، تفصیلی سی وی، درست انگریزی زبان کے ٹیسٹ کے نتائج، تعلیمی اور ملازمت کے ریفری رپورٹس، مکمل شدہ ڈویلپمنٹ امپیکٹ اینڈ لنکیجز پلان، اور سرکاری ملازمین کے لئے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔اہلیت کی جانچ کے بعد حکام درخواستوں کو شارٹ لسٹ کریں گے۔ صرف شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں سے رابطہ کیا جائے گا۔ انتخابی عمل میں انٹرویوز شامل ہوں گے اور امیدواروں کا جائزہ تعلیمی قابلیت، قیادت کی خصوصیات، پیشہ ورانہ تجربے، اور پاکستان کی ترقی میں ممکنہ کردار کی بنیاد پر لیا جائے گا۔2027 میں شروع ہونے والی تعلیم کے لیے درخواستیں یکم فروری 2026 کو کھولی گئی ہیں، اور یہ 30 اپریل 2026 کو آسٹریلین ایسٹرن اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق دوپہر 2 بجے بند ہو جائیں گی۔ تاخیر سے یا نامکمل جمع کرائی گئی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ کامیاب امیدواروں کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد کم از کم 2 سال پاکستان میں خدمات انجام دینا ہوں گی۔ اسکالرشپس کے لیے درخواستوں کی جانچ اور انٹرویوز کے بعد حتمی نتائج کا اعلان 2026 کے آخر میں کیا جائے گا۔منتخب اسکالرز کو کورس کونسلنگ، روانگی سے قبل بریفنگز، اور اپنی یونیورسٹی کے تعارفی تعلیمی پروگرام میں شرکت کرنا ہوگی۔ آسٹریلیا پہنچنے کے بعد اضافی تیاری کی تربیت بھی درکار ہو سکتی ہے۔تمام درخواستیں OASIS پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرانا لازمی ہیں۔ درخواست دہندگان کو اپنا مکمل قانونی نام بالکل اسی طرح درج کرنا ہوگا جیسا کہ پاسپورٹ پر درج ہے۔ عرفی نام یا مختصر نام استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی