تاندلیانوالہ میں پراسرار بیماری سے ایک ہی خاندان کے چار بچے جان کی بازی ہار گئے ۔تفصیل کے مطابق تاندلیانوالہ کی آبادی باقر شاہ میں گزشتہ چار دنوں میں ایک ہی خاندان کے چار بچوں کی پراسرار بیماری کے باعث موت واقع ہوگئی۔امیر علی کے خاندان کے دو بیٹے اور دو پوتیاں اس بیماری کا شکار ہوئے، جس نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 15 دسمبر کو امیر علی کا تین سالہ بیٹا علی عمران جبکہ 17 دسمبر کو دو سالہ پوتی زہرہ کی موت واقع ہوئی۔اس کے بعد 22 دسمبر کو 5 سالہ پوتی نور فاطمہ ا ورسوموار کو، 13 سالہ بیٹا علی محمد بھی اسی بیماری کی وجہ سے انتقال کرگیا۔مقامی انتظامیہ نے فورا اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اذکا سحر کی زیر نگرانی تدفین روک کر پولیس کو پوسٹمارٹم کرانے کی ہدایت کی تاکہ موت کی اصل وجہ کا پتہ چلایا جاسکے۔ امیر علی نے بتایا کہ 12 دسمبر کو خاندان کے افراد نے چائے پینے کے بعد گنے کھائے تھے، جس کے بعد انہیں منہ میں چھالے بن گئے تھے۔متاثرہ بچوں کو ابتدا میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، پھر حالت بگڑنے پر انہیں سول اسپتال لے جایا گیا۔امیر علی کے مطابق اس دوران اس کے اہل خانہ، جن میں بیوی کبری، تین بیٹے علی عمران، سعداللہ اور علی احمد شامل ہیں، اور دو بیٹیاں نادیہ، سعدیہ، پوتی رمضانہ اور والدہ رانی بھی زیر علاج ہیں۔امیر علی نے کہا کہ وہ اللہ کے حکم سے ہونے والی اموات پر کوئی کارروائی نہیں چاہتے اور اس معاملے میں صرف اللہ کی رضا پر یقین رکھتے ہیں۔دوسری جانب مقامی انتظامیہ اور پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ کا کھوج لگایا جا سکے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی