پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دینے پر پاکستان سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران کے خلاف غیر منصفانہ قرارداد پر ووٹنگ کا مطالبہ کر کے جرات مندانہ اقدام کیا۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے یواین انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دیکر ایران کے حق میں اصولی موقف اختیار کیا۔ایرانی سفیر نے وزیراعظم شہبازشریف اور نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستان کے اصولی کردار کو قابل تحسین قرار دیا ۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے خلاف غیر منصفانہ قرارداد پر ووٹنگ کا مطالبہ کر کے جرات مندانہ اقدام کیا۔ ایرانی سفیر کے مطابق 12 روزہ جارحیت، بیرونی حمایت یافتہ ہنگامے اور عالمی اداروں کے غلط استعمال کی کوششیں ناکام ہوئیں اور ایران کے خلاف سیاسی اور بلا جواز اقدامات کو تیسری مسلسل ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان کی حمایت انصاف، انسانی حقوق، کثیرالجہتی نظام اور قومی خودمختاری سے وابستگی کی عکاس ہے، انہوں نے واضح کیا کہ ایران اس اصولی اور مستقل حمایت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی