i پاکستان

ہم عہد کرتے ہیں پختون قوم سے چھینا گیا شعور واپس دلائیں گے، حیدرہوتیتازترین

January 24, 2026

سابق وزیر اعلی خیبرپختونخوا اور اے این پی کے مرکزی رہنما حیدر خان ہوتی نے پارٹی کے حوالے سے ہونیوالی تنقید کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی کو غیر مقبول کرنے والے آج اس جلسے کے ذریعے جواب حاصل کر چکے ہیں۔چارسدہ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ پارٹی کے حوالے سے کچھ سہولیات جیسے فارم 47 مکمل نہیں ہیں تاہم اسمبلی کے اندراور باہر پختون قوم کے حقوق کی آوازبلند کرتے رہیں گے۔ حیدرخان ہوتی نے صوبائی حکومت پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیراعلی تین مہینے سے پنجاب کے ایک ایس ایچ او کا جواب نہیں دے سکتے جبکہ ہماری حکومت نے یونیورسٹیاں قائم کیں لیکن موجودہ حکومت ان کی زمینیں فروخت کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے صوبے کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے بیڈز موجود نہیں ہیں اور 13 سال میں شروع کیے گئے منصوبے ابھی تک مکمل نہیں ہوئے۔حیدرخان ہوتی نے کہا کہ آج ولی خان کی 20 ویں اورباچا خان بابا کی 38 ویں برسی کے موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ پختون قوم سے چھینا گیا شعور واپس دلائیں گے اورامن قائم کریں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اے این پی کے ساتھ کھڑے ہوں تاکہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں اور پختونوں کے حقوق اور ثقافت کو مضبوط بنایا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی