ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، شدید بارش اور برفباری کے بعد شمالی بالائی بلوچستان کی رابطہ سڑکیں آمدورفت کیلئے بند ہوگئیں، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان،خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، برفباری کے باعث متعدد بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد اور گردونواح موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، بہاولنگر، بہاولپور ،ملتان،رحیم یارخان، اوکاڑہ اور ساہیوال میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہ سکتی ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے جبکہ سکھر، موہنجوداڑو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور گردونواح میں ہلکی دھند متوقع ہے ،۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات خنک ہوگی، 24 سے 26 جنوری کے درمیان سردی کی شدت بڑھے گی اور اس دوران پارہ سنگل ڈیجٹ تک گرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے، موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور شمالی سمت سے نو کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردرہنے کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی ہے۔ دوسری جانب موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ موٹروے ایم 5 اوچ شریف سے رحیم یار خان تک دھند کی شدت کے باعث بند کر دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کی ضمانت کے لیے بند کیا جاتا ہے، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ترجمان نے روڈ یوزرز کو ہدایت کی کہ وہ دھند میں لین ڈسپلن کو برقرار رکھیں اور اپنی گاڑیوں میں آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سفر کے لیے دن کے اوقات کی ترجیح دینی چاہیے، خصوصا صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک، جب کہ دھند کے موسم میں یہ سب سے بہتر سفری اوقات ہیں۔موٹروے پولیس نے عوام سے درخواست کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں۔ ڈرائیور حضرات کو اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی