ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر برقرار رہی۔لاہور میں سورج کرنیں بکھیر نے لگا جس کے باعث دھند کی شدت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی،شہر میں 11 جنوری کو ہلکی بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔آزاد کشمیر میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری نے رنگ جما دیا، شدید برفباری سے کیل سے تا بٹ شاہراہ نیلم بند ہوگئی، سردی کے باعث لوگ گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے۔لہہ میں پارہ منفی 13 اور استور میں منفی 11 رہا، کالام میں منفی 9، گوپس منفی 8،قلات، سکردو میں منفی 7 رہا، کوئٹہ منفی 6، ہنزہ منفی 5، دروش، چترال، گلگت اور پاراچنار میں منفی 3 ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اعداد وشمار کے مطابق ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 93 فیصد تک جا پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں 11 جنوری کو ہلکی بوندا باندی کے امکانات ہیں جبکہ رواں دنوں درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی