گجرات کے علاقے سرائے عالمگیر میں کارنہر میں گرنے سے دلہا اور سالی جاں بحق ہو گئے جبکہ دلہن سمیت 3 خواتین کو بچا لیا گیا جبکہ حیدرآباد کے قریب ٹنڈو جام میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہوگئی ۔تفصیل کے مطابق سرائے عالمگیر کے علاقے بولانی میں شادی کی خوشیوں والا گھر اس وقت ماتم میں بدل گیا جب دلہا راجا اسامہ ولیمے کی تقریب سے واپس گھر جا رہا تھا۔دلہے کے ساتھ گاڑی میں اس کی سالی اور مزید 3 خواتین سوار تھیں کہ گاڑی سرائے عالمگیر کے قریب نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں دلہا راجا اسامہ اور اس کی سالی مریم جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر دلہن سمیت 3 خواتین کو بچا کر باہر نکالا جبکہ دلہے اور سالی کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری جانب حیدرآباد کے قریب ٹنڈو جام میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہو گئی۔فائرنگ کا واقعہ 2 روز قبل پیش آیا، لڑکی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئی۔متاثرہ لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی آرٹسٹ تھی اور تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے گئی تھی کہ فائرنگ کی زد میں آگئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی