وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی) شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معیاری مواد کا ہونا بہت اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات ٹک ٹاک وفد سے ملاقات میں کہی ۔ٹک ٹاک وفد کی قیادت ڈائریکٹر پبلک پالیسی مسٹر ایمر گیلن کر رہے تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سوشل میڈیا پر معیاری مواد کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔وفد نے وزیر مملکت آئی ٹی کو ٹک ٹاک کے پاکستان میں اقدام اور مستقبل کے پروگرامز کے بارے میں بریف کیا۔ اس موقع پر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معیاری مواد کا ہونا بہت اہم ہے، پاکستان میں ٹک ٹاک کے بہت زیادہ صارفین ہیں، یہ بہت ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معیاری مواد میسر ہو۔ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پلیٹ فارم تعلیمی مقاصد کے لئیے بھی استعمال ہو، اس کے ذریعے مختلف قسم کی سکلز اور لوکل زبانوں میں بنیادی تعلیم دی جا سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان مقاصد کے حصول کے لئے وزارت آئی ٹی ٹک ٹاک کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔ٹک ٹاک وفد نے وزیر مملکت آئی ٹی کو یقین دہانی کرائی کہ ٹک ٹاک پر زیادہ سے زیادہ معیاری اور سود مند مواد کو یقینی بنایا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی