i پاکستان

صوبائی دار الحکومت سمیت مختلف اضلاع میں دفعہ 144 نافذتازترین

May 16, 2023

صوبائی دار الحکومت سمیت صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ ضلع لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ منگل سے اگلے سات دن تک کیا گیا ہے، دفعہ 144 کے دوران اجتماع، دھرنا، ریلی، جلوس، احتجاج جیسی سرگرمیوں پر پابندی ہو گی۔ حکومت کی طرف سے دفعہ 144 کا نفاذ کوڈ آف کریمینل پروسیجر آرڈیننس(ترمیم شدہ ) 2023 کے تحت کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلع فیصل آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ضلع ملتان میں بھی امن و امان کے قیام کیلئے ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے 7 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکمنامہ جاری کر دیا، ڈپٹی کمشنر کے مطابق املاک کی حفاظت اور امن وامان کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی، نقص امن کے مرتکب افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ضلع کی حدود میں اجتماع، دھرنا دینے، ریلی نکالنے، جلسہ، جلوس نکالنے، احتجاج اور مظاہرہ کرنے پر پابندی لگا دی۔ ضلع جھنگ، حافظ آباد، بہاولپور میں دفعہ 144 نافذ کر کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی