اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود شیریں مزاری کی گرفتاری پر توہین عدالت کیس میں آئی جی اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی تو آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبرناصر موجود نہ تھے۔ جس پرعدالت نے حیرانی کا اظہار کیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ یہ توہین عدالت کا کیس ہے،کیا آئی جی نہیں آئے؟انھیں یہاں موجود ہونا چاہئے تھا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آئی جی چیف جسٹس کی عدالت میں ہیں وہاں سے فارغ ہوکر تھوڑی دیرمیں پہنچ جائیں گے۔ تاہم عدالت نے آئی جی اسلام آباد کواکتیس مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔عدالت نے ہدایت کی کہ آئی جی آئندہ سماعت تک تحریری جواب بھی جمع کرائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی