سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کی درخواست پر ایف آئی اے نے عدالت میں جواب جمع کروا دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر شیریں مزاری کی ای سی ایل(ایگزٹ کنٹرول لسٹ )سے نام نکلوانے کی درخواست پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی۔ دوران سماعت ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کروا دیا جس کے مطابق ڈاکٹر شیریں مزاری کا نام پی سی ایل (پاسپورٹ کنٹرول لسٹ )میں ڈالا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی درخواست پر ڈاکٹر شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا گیا۔ بعدازاں عدالت نے جواب کی کاپی شیریں مزاری کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی