سانحہ 9 مئی 2023 کے 19 مجرمان کی سزائوں میں معافی کا اعلان کر دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق سانحہ 9 مئی کی سز ائوں پر عملدرآمد کے دوران مجرمان نے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں، مجموعی طور پر67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لییکورٹس آف اپیل میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا، 19 مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتا انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا، ان مجرمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔ دیگرتمام مجرمان کے پاس بھی اپیل اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں، سزائوں کی معافی ہمارے منصفانہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے، یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اپریل 2024 میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرمان کی رہائی کا حکم صادر کیا گیا تھا۔ محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان، سمیع اللہ ولد میرداد خان، لئیق احمد ولد منظور احمد کی سزا معاف کی گئی جبکہ امجد علی ولد منظور احمد، یاسر نواز ولد امیر نواز خان، سعید عالم ولد معاذاللہ خان کی سزا بھی معاف کی گئی۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی