i پاکستان

سالِ نو پر جشن، کراچی اور حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ ،خواتین وبچوں سمیت40افراد زخمی،درجنوں گرفتارتازترین

January 01, 2025

نئے سال کی آمد پر کراچی،لاہور، اسلام آباد، روہڑی سمیت مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں سال نوپر ہوائی فائرنگ سے 2خواتین سمیت29 افراد زخمی ہوگئے۔جبکہ حیدر آباد میں بھی 11افراد زخمی ہوئے،درجنوں افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں لیاقت آباد کے علاقوں میں 3 اور گلشن اقبال چورنگی کے قریب ایک شخص زخمی ہوا۔اس کے علاوہ شاہ فیصل کالونی اور اورنگی ٹائون میں گولی لگنے سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب حیدر آباد میں نئے سال کے آغاز کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے متعدد واقعات میں ایک بچے اور چار خواتین سمیت گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت میں بہتری آرہی ہے، اور تمام متاثرہ افراد مختلف سمتوں سے آنے والی گولیوں کا شکار بنے ہیں۔زخمیوں میں 9 سالہ عبدالہادی، 20 سالہ ذیشان، 40 سالہ مہرین عظیم، 14 سالہ سیف اللہ، 60 سالہ گلشن بانو، 17 سالہ انس قریشی، 12 سالہ عرومہ، 25 سالہ رابعہ یاسین، 24 سالہ ارشد حسین، 19 سالہ فیضان علی اور 47 سالہ اعظم خان شامل ہیں۔ا

سپتال ذرائع نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی گئی اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔پولیس حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ہوائی فائرنگ کے مجرموں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ کراچی پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سال نو پر فائرنگ کرنے والوں پر اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ادھر کراچی اور لاہور میں سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو پکڑنے کیلئے پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 40 ملزمان کو گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے۔ کراچی میں پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون میں مجموعی طور پر ہوائی فائرنگ کرنے والے25ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ پولیس نے اورنگی ٹان سے3،منگھوپیر سے3،سرجانی ٹائون سے2ملزمان گرفتار کیا۔انہوں نے بتایاکہ گلشن معمار سے2،پاکستان بازار سے1،مومن آباد سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، مذکورہ ملزمان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ضلع کیماڑی کی پولیس نے کارروائی کرکے ہوائی فائرنگ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔د ریں اثنا لاہور میں سال نو کا جشن مناتے ہوئے ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کرنے والوں کیخلاف پولیس فوری حرکت میں آئی اور قانون کی خلاف ورزی پر15ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری تھانہ کینٹ، ہنجروال اور شاہدرہ کے علاقوں میں عمل میں آئی، لاہور کے علاقے کاہنہ اور راوی روڈ میں ہوائی فائرنگ کرنے والاگروہ گرفتار کرلیا گیا۔اس کے علاوہ لاہور کے تھانہ شفیق آباد اور اچھرہ میں ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم اور ڈھولن وال قادری چوک سے ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ادھر نئے سال کا جشن منانے کیلئے مری میں سیاحوں کا سیلاب امڈ آیا اور مال روڈ پر تل دھرنے کو جگہ نہ رہی۔ پولیس کی جانب سے سیاحوں پر متعدد بار لاٹھی چارج کیا گیا، بھگدڑ سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔لاٹھی چارج اور بھگدڑ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مری میں نئے سال پر آتش بازی بھی گئی، جبکہ مری میں دفعہ ایک سو چوالیس بھی نافذ ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی