i پاکستان

روسی جہاز واپس روانہ ہونے کے قریب، دوسرا جہاز 4 روز بعد پہنچے گاتازترین

June 14, 2023

روس سے خام تیل لانے والے جہاز سے کراچی کی بندرگاہ پر خام تیل کی ڈسچارجنگ کا عمل آج مکمل ہونے کے بعد جہاز واپس روانہ ہوجائے گا، دوسرا جہاز 4 روز بعد پہنچے گا۔ پی ٹی کے انجینئر واجد حسین جنرل مینیجر انجینئرنگ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ جہاز سے روسی خام تیل کی آف لوڈنگ 12 جون کو صبح ساڑھے دس بجے شروع کی گئی تھی۔ منگل کی صبح 11 بجے تک 27 ہزار ٹن خام تیل ڈسچارج کرکے اسٹوریج ٹینکس میں منتقل کردیا گیا تھا۔ جنرل مینیجر انجینئرنگ کا کہنا تھا کہ آف لوڈنگ کے عمل کی پی آر ایل کی پائپ لائن کے ذریعے ترسیل جاری ہے۔ موسم سازگار ہونے کی صورت میں ڈسچارجنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد بحری جہاز کراچی کی بندرگاہ چھوڑ دے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جہاز کو موجودہ موسمی حالات کے باوجود محفوظ طریقے سے آئل جیٹی پر لنگر انداز کیا گیا ہے۔ موسم بگڑنے کی صورت میں بھی جہاز کی حفاظت کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے متعلقہ حکام نے میڈیا کو روسی خام تیل لانے والے بحری جہاز پیور پوائنٹ اور آئل پیر ٹو پر خام تیل کی منتقلی کے عمل کا معائنہ بھی کرایا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی