رحیم یار خان کے علاقے رکن پور میں علاقہ مکینوں نے بڑے سائز کا نایاب سفید گدھ پکڑ لیا۔وائلڈ لائف عملے نے نایاب گدھ کو ریسکیو کر لیا۔ پنجاب وائلڈلائف حکام کے مطابق یوریشین گرفن گدھ کو وائلڈ لائف پارک رحیم یارخان منتقل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پنجاب میں یوریشن گرفن گدھ سمیت دیگر اقسام ناپیدی کا شکار ہیں، چھانگا مانگا میں گدھ بحالی سینٹر قائم ہے جہاں گزشتہ کئی برسوں سے گدھ کی آبادی بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔علاوہ ازیں وائلڈ لائف اہلکاروں نے مختلف کارروائیوں میں غیرقانونی شکار کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے۔رحیم یار خان میں مرغابی کے 2 شکاریوں پر 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، نارروال کے سرحدی علاقے سے ایک مادہ پاڑہ ہرن اور اس کے بچے کو ریسکیو کرکے جلو وائلڈ لائف پارک منتقل کردیا گیا۔بھکر میں کتوں کے ساتھ جنگلی سور کا غیر قانونی شکار کرنیوالے 5 شکاریوں کو 85 ہزار، راولپنڈی و اٹک میں جنگلی سور اورپرندوں کے 8 غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کرکے انہیں 90 ہزار 500 جرمانہ کیا گیا۔خوشاب میں جنگلی سور، خرگوش، تیتر اور طوطوں کے 20 غیر قانونی شکار یوں کو گرفتار کرکے 2لاکھ، 84 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی