i پاکستان

پشاور پی ٹی آئی کا سیاسی قبلہ ہے، کنول شوزبتازترین

December 04, 2024

پی ٹی آئی رہنما اور صدر ویمن ونگ کنول شوزب نے پشاور کو موجود حالات میں پی ٹی آئی کا سیاسی قبلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد مارچ کے دوران ان کا قافلہ ڈی چوک پہنچا بھی نہیں کہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔کنول شوزاب پارٹی خواتین رہنمائوں خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ اور دیگر کے ہمراہ راہ داری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ آئیں اور دراخوست دائر کر دی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے اور پارٹی کی دیگر خواتین کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ پنجاب اور اسلام آباد میں ان کے خلاف ایسی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جنہیں دیکھ کر ہی ہنسی آتی ہے۔کنول شوزاب نے کہا کہ پہلی بار پشاور ہائیکورٹ آئی ہوں اور پشاور ہائیکورٹ سے انصاف کی امید ہے۔ کنول شوزاب کا کہنا تھا کہ دیگر جن صوبوں میں ایف آئی آرز درج ہیں، وہاں انصاف کی باتیں تو ہوتی ہیں لیکن کوئی انصاف دیتا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پولیس صرف جھوٹی ایف آئی آرز درج کرنے میں مصروف ہے۔

کنول شوزاب نے کہا کہ ان کے خلاف سیاسی انتقام جاری ہے اب تک وہ 44 کیسز کا سامنا کر چکی ہیں۔ اہل خانہ کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ان کے آبائی گھر کو تباہ کر دیا گیا ہے اس لیے وہ بچوں اور ماں کو لے کر پشاور آئی ہیں۔کنول شوزاب نے کہا کہ 24 نومبر کے احتجاجی مارچ میں پاکستانی نکلے تھے۔ وہ پاکستان کے لیے اور حقیقی آزادی کے لیے نکلے لیکن ان کے ساتھ کیا ہوا سب نے دیکھ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈی چوک میں سب کو احتجاج کی اجازت دی گئی لیکن ان کے پرامن احتجاج پر گولیاں چلائی گئیں اور کارکنان اور رہنمائوں پر اسلحہ لانے اور پرتشدد احتجاج کا الزام لگا کر مقدمات درج کیے گئے ہیں لیکن وہ ڈرنے والے نہیں بلکہ مقابلہ کریں گے۔راہداری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ آنے والی پی ٹی آئی کی خاتون رکن عالیہ حمزہ مالک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ڈی چوک احتجاج پرامن تھا کہ ان کے خلاف کارروائی ہوئی۔ ہمارا ایک ہی سادہ سا سوال ہے کہ پرامن احتجاج کرنے والے پاکستانیوں پر گولیاں کیوں چلائی گئیں۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے کارکنان پاکستان اور عمران خان کے لیے نکلے تھے۔ پی ٹی آئی میں قائد صرف عمران خان ہیں اور ورکرز ہیں۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی