پنجاب میں اسموگ کی صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوگئی۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا جبکہ نئی دہلی کا پہلانمبر رہا ،رحیم یار خان 669 ائیر پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ پنجاب کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ،اس کے علاوہ بہاولپور 443 ائیر انڈیکس کے ساتھ دوسرے اور لاہور 402 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ کئی روز سے پنجاب کی فضا کو آلودہ اور شہریوں کو انتہائی پریشان کن صورتحال سے دوچار کرنے والی دھند کی شدت میں کمی آگئی۔ شمالی علاقوں سے آنے والی تیز اور سرد ہوائوں نے پنجاب کی گرد آلود فضا کو صاف کردیا۔ جس سے سموگ میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ اے کیو آئی کی رپورٹ کے مطابق لاہور شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس369ریکارڈ کیا گیا ہے۔اے کیو آئی کا کہنا ہے کہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے سے دوسرے نمبر پر آگیا ہے جبکہ اس کی جگہ بھارت کا ائیر کوالٹی انڈیکس864ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی دہلی1003 انڈیکس کے ساتھ دنیا کا آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔ویب سائٹ کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی اسموگ اوردھند کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،عالمی ویب سائٹ اے کیو آئی کا کہنا ہے کہ لاہور میں سی ای آر پی آفس کے اطراف ائیرکوالٹی انڈیکس495ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق جیل روڈ کے گرد فضائی آلودگی کی شدت412ریکارڈ، مال روڈ کے علاقے میں 427جوہر ٹائون کا اے کیو آئی372ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسموگ کے باعث موٹروے ایم 4 عبدالحکیم سے ملتان تک، ایم 5 ملتان سے سکھر تک بند کردی گئی ہے جب کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 مکمل بند کردی گئی ۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب میں سموگ کے پیش نظر مزید پابندیاں عائد کر دی گئیں، ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز 24 نومبر تک بند رہیں گے، یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کردیا گیا، مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے جبکہ لاہور اور ملتان میں تمام تعمیراتی کاموں پر مکمل پابندی ہو گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قومی سطح کے تعمیراتی کاموں کو اجازت ہو گی، ہیوی ٹریفک کی لاہور اور ملتان میں داخلے پر مکمل پابندی ہو گی، اینٹوں کے بھٹے، فرننس انڈسٹری کے کام پر لاہور اور ملتان میں بندش ہوگی۔لاہور اورملتان میں رسٹورنٹس صرف 4 بجے تک کام کریں گے، لاہور اور ملتان کے ریسٹورنٹس کو 4 سے 8 بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہو گی، 8 بجے کے بعد ریسٹورنٹس مکمل بند رہیں گے۔سموگ کے پیش نظر لاہور اور ملتان میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، لاہور اور ملتان میں تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز رات 8 بجے تک کام کریں گی، ریسکیو 1122 سموگ متاثرہ مریضوں کی معاونت کرے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام فیصلوں کا اطلاق 24 نومبر تک ہوگا جبکہ فارمیسز، ڈیپارٹمنٹل سٹورز، ڈیری شاپس، آٹا چکی اور تندوروں کو تمام پابندیوں سے استثنی حاصل ہو گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی