وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پنجاب میں گردوں کے مریضوں کیلئے ڈائیلائسز کارڈ لانچ کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کی کوششیں کررہے ہیں ، وزیر اعلی ہائوس خیبرپختونخوا کے اندر الجہاد الجہاد کے نعرے لگے، اگر طالبان کی طرح الجہاد کے نعرے لگائے جائیں گے تو ان کے ساتھ ایسا ہی برتائو ہوگا جیساطالبان کے ساتھ کیا گیا تھا۔ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقا ت نے کہا کہ ایک خاتون تو اتنی غیر سیاسی ہے کہ گھر بیٹھ کر عمران خان کو ریموٹ سے چلاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر سیاست کرنی ہے تو کھل کر کریں کیونکہ سیاست دل گردے کا کام ہے لیکن یہ فیصلہ کر لیں کہ سیاست آپ نے کرنی ہے یا حلیمہ خان نے کرنی ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ کیا بشری بی بی اپنے بچوں کو ساتھ لے کر چلیں گی؟ کیا بیرسٹر گوہر بھی اپنی فیملی کو مرنے مارنے کے لیے ساتھ لائیں گے؟ یہ منافقت نہ کریں آپ لوگ سرکاری ملازمین کو پیسے دے کر لاتے ہیں، جہاد کا اعلان کروانا ہے تو قاسم اور سلیمان ٹیرین کے ساتھ کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں عوامی مسائل اور مہنگائی کم کرنے کے حوالے سے خبریں آنا شروع ہیں تو دوسری طرف جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ ہو اس کو خبر بنا دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہو رہی ہے جس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، عام آدمی کو ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مہنگائی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب میں ڈائلسز کی سہولت کے حوالے سے پروگرام شروع کر رہے ہیں جس کے تحت ڈائلسز کا مریض 10 لاکھ روپے تک کا علاج کرا سکے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے صوبے میں 25 سے 30 فیصد لوگ پنجاب کے علاہ دوسرے صوبوں سے ڈائلسز کے لیے آتے ہیں اور وزیر اعلی کی خاص ہدایات ہیں کہ تمام صوبوں سے آنے والے مریضوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ گھر بیٹھے لوگوں کو انسولین پرووائیڈ کرنے کے پروگرام پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔وزیراعلی مریم نوازکچھ دنوں میں ڈائیلائسز کارڈ لانچ کریں گی،وزیراعلی پنجاب تمام اقدامات پر فیصلہ کررہی ہیں وزیراعلی نے کہاکہ کسی بھی مریض کو صحت کی سہولت سے محروم نہ کیا جائیگا، ہمارے صوبے میں پنجاب کے باہر سے بھی لوگ علاج کرا رہے ہوتے ہیں، ڈائیلائسز پروگرام میں 30فیصد لوگ دوسرے صوبوں سے ہیں۔ وزیراطلاعات پنجاب نے کہاکہ ماضی میں ہیلتھ کارڈ پر رنگ و روغن کرکے کہا گیایہ تحریک انصاف نے بنایا ہے،خبریں گردش کررہی ہیں کہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جو خسارے کا شکار ہے،پنجاب نے ٹی بلز کی شکل میں 200ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے،آئی ایم ایف نے بھی 200ارب روپے کو سرمایہ کاری کہا ہے،ڈاکیو منٹ وزارت خزانہ کی ویب سائٹ پر موجود ہے،پنجاب واحد صوبہ ہے جو سال کے آخر تک سرپلس بجٹ دینے جا رہا ہے،سرپلس بجٹ 360سے 380ارب روپے کا ہے۔انہوں نے کہا اپنی ریاست کے خلاف جہاد نہیں ہو سکتا، فتنہ الخوارج پاکستان میں فساد برپا کرنا چاہتا ہے،ان کے ساتھ وہی سلوک ہو گا جو خوارج کے ساتھ ہوتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی