ڈیرہ غازی خان سے گرفتار پی ٹی آئی کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ کو عدالت نے فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر 9 مئی کو پرتشدد واقعات پر سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ کو ڈیرہ غازی خان سے گرفتار کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو 9 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے نیب نے رینجرز کی بھاری نفری کی مدد سے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پرتشدد مظاہرے کئے گئے، عسکری، سرکاری اور نجی املاک پر حملے بھی کئے گئے۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں تھانہ گدائی پولیس نے نو مئی کے واقعات پر پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ کو گرفتار کیا جنہیں آج مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ کیخلاف 9 مئی کو جلا گھیرا کا مقدمہ درج ہے۔ مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ کا نام مقدمے سے خارج کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی