وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کندھوں پر بٹھا کر اقتدار میں لایا گیا، گزشتہ 4 سال پی ٹی آئی حکومت نے برباد کر دیئے، پچھلی حکومت نے چور ڈاکو کی گردان کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔ وزیراعظم نے ملتان میں زیر تعمیر نشتر ہسپتال ٹو کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، حکام کی جانب سے شہبازشریف کو منصوبے پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے ہسپتالوں کو فنڈ جاری نہ کر کے بربادی کی، گزشتہ 4 سال شدید غفلت برتی گئی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دکھی انسانیت اس انتظار میں تھی کہ ہسپتال مکمل ہوتے، پی ٹی آئی حکومت میں انتقامی سیاست کی وجہ سے انسانی خدمت کو روکا گیا، عوامی مفادات کے منصوبوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال کے عملے کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، بتایا گیا ہے کہ مشینری کافی حد تک باہر سے آچکی ہے، ہسپتال 30 ستمبر تک تعمیر کے مراحل مکمل کرے گا، لوگ اس ہسپتال سے پوری طرح فیض یاب اور مستفید ہوں گے۔ شہباز شریف نے نگران وزیراعلی پنجاب کو دن رات کام کرنے پر شاباش بھی دی۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایک پارٹی کے سربراہ کی چور ڈاکو، چور ڈاکو کی گردان ختم نہیں ہوتی تھی، کھربوں روپے ان کے پاس تھے، ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے رہے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان اور نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی بھی ہمراہ تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی