پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں انکشا ف ہواہے کہ اسلام آباد کلب نے غیرقانونی طور پر32.5ایکڑزمین پر قبضہ کیاہواہے اسلام آباد کلب کے پاس لیز 352.8ایکڑ کی لیز ہے جبکہ قبضہ 385.31ایکڑ زمین پر ہے ،اسلام آباد کلب نے مری روڈ پر تجاوزات قائم کرکے پارکنگ بنائی ہے،کمیٹی نے معاملہ واپس ڈی اے سی کو بھیجتے ہوئے ہدایت کی کہ سی ڈی اے سے مل کر جلذازجلد حدبندی کرائی جائے ۔ جمعہ کوپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر نواب شیر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔اجلا س میںکابینہ ڈویژن سے متعلق سال 2018-19کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیاگیا۔آڈٹ حکا م نے بتایاکہ اسلام آباد کلب کی جانب سے خلاف ضابطہ اورغیر مجاز طور پر ملٹی پرپز ہال کی تعمیر کا کنٹریکٹ دیا گیا،2016میں 269 ملین کا کنٹریکٹ دیا گیا،لیزڈ لینڈ پر سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر کام شروع کیا گیا، بغیر ٹیکنیکل سینکشن کے کام کیا گیا، نیب کو بھی کنٹریکٹ کی کاپی نہیں بھیجی گئی تھی۔سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے کہاکہ ڈی اے سی میں ہمیں بتایا گیا کیس عدالت میں ہے، ہم ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ آڈٹ حکام نے کہاکہ کنٹریکٹر عدالت میں گیا ہوا ہے،انٹرنل آڈیٹر اسلام آباد کلب نے بتایاکہ سی ڈی اے نے ہمیں نوٹس دیا تھا کہ کام فوری روکا جائے،منصوبہ رک گیا تھا اس پر مزید تعمیر نہیں ہوئی، ابھی تک یہ منصوبہ رکا ہوا ہے، آڈٹ حکام نے بتایاکہ منصوبہ بند ہو گیا ہے توبند ہونے کا کوئی لیٹر نکال دیں پیرا ہم ختم کردیں گے، کنوینر کمیٹی نے کہاکہ آپ لیٹر نکال دیں کہ ہمیں کوئی نقصان نہیں ہوا اور آڈٹ کو دکھا دیں۔آڈٹ حکام نے کہاکہ اسلام آباد کلب کے پاس کل 385.31ایکڑ زمین ہے جس میں سے 352.8ایکڑزمین لیز پر لی ہے اس طرح اسلام آباد کلب کے پاس 32.5ایکٹر اراضی لیز کے بغیر ہے،مری روڈ پر اسلام آباد کلب کی پارکنگ انکروچمنٹ ہے،سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے بتایاکہ ڈیمارکیشن دوبارہ ہونی ہے،جب تک ڈیمارکیشن نہیں ہوتی اس آڈٹ پیرے کو موخر کردیا جائے،کمیٹی نے معاملے کو دوبارہ ڈی اے سی کے سپرد کردیا۔(محمداویس)
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی