i پاکستان

پاکستان میں انجیر کی سالانہ پیداوار20 ہزار، طلب30 ہزار من ہے،نظامت زرعی اطلاعاتتازترین

January 16, 2025

پاکستان میں 20 ہزار من سالانہ انجیر پیدا ہوتا ہے جبکہ طلب 30 ہزار من سے بھی زائد ہے جس کیلئے ترکی، ایران اور افغانستان سے سالانہ 10 ہزار من سے زائد خشک انجیر درآمد کرنا پڑتا ہے، ملک میں انجیر ہر جگہ اگایا جاسکتا ہے،اگر زیادہ سے زیادہ لوگ انجیر کی کاشت شروع کردیں تو نہ صرف وہ خود منافع کمائیں گے بلکہ دوسرے ممالک سے اسے درآمد نہیں کرنا پڑے گا۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق پیداوار کم ہونے کے باعث بے شمار قدرتی خوبیوں سے مالا مال انجیر اس قدر مہنگا ہے کہ عام آدمی اسے کھانے کے بارے سوچ ہی نہیں سکتا۔انہوں نے بتایا کہ انجیر کی فصل لگانے کیلئے 10،10 فٹ کے فاصلے پر قطاریں بنا کر ان قطاروں میں 10،10 فٹ کے فاصلے پر ہی پودے لگائے جاتے ہیں اس طرح ایک ایکڑ رقبے میں تقریباََ 435 پودے لگائے جاسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک دفعہ لگایا ہوا انجیر کا پودا 15 سے 20 سال تک بھر پور پیداوار دیتا ہے جبکہ نرسری میں انجیر کا ایک پودا تقریباََ 200 روپے میں مل جاتا ہے اس طرح پودے لگانے کا فی ایکڑ خرچ تقریباََ87 ہزار روپے ہو سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک پودا کم از کم 6 کلوگرام پیداوار دیتا ہے اس طرح سے ایک ایکڑ سے تقریباً 2600 کلو یا 65 من تازہ انجیر حاصل کیا جا سکتا ہے،اگر انجیر کو خشک کر لیا جائے تو تقریباََ 1430 کلو صافی خشک انجیر حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر دیکھا جائے تو آمدن کے لحاظ سے انجیر کسی بھی طرح دوسری فصل یا باغ سے پیچھے نہیں، پاکستان میں اسے تقریباً ہر جگہ اگایا جاسکتا ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی