سینیٹر فیصل واوڈا نے کہاہے کہ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو دو طلاقیں ضروری ہیں، پاکستان کو بچانے کے لیے ایک اطلاق سسٹم ن لیگ کو دے اور ایک طلاق بانی پی ٹی آئی نے دینی ہے،انہوں نے وضاحت بھی کی کہ میں سیاسی طلاق کی بات کررہا ہوں۔ ایک انٹرویو میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت نے اسمارٹ کھیلا ریاست اور پی ٹی آئی کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا، مریم نواز کہتی ہے پی ٹی آئی کچرہ ہے تو پھر وہ پہلے اپنی پارٹی میں سیاسی کچرے کو صاف کریں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور حکومت آرمی چیف کی کامیابیوں سے پریشان ہیں، ملک میں جو کچھ اچھا ہورہا ہے اس کا کریڈٹ آرمی چیف کو جاتا ہے۔پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق فیصل واوڈا نے کہا کہ ڈی پی او کہتے ہیں مظاہرین پانچ منٹ میں پہاڑوں پر چرھ جاتے، ان کا کام لیکچر دینا نہیں ایکشن کرنا ہے، لیکچر دینا سیاست دانوں کا کام ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ اسلام آباد میں جو پختونوں کو اٹھایا جارہا ہے اس کی مذمت کرتا ہوں، ن لیگ کا وطیرہ ہے کہ ہمیشہ کسی ایک زبان والوں پر حملہ کرتی ہے، اسلام آباد میں پختونوں کو حکومت اٹھوا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سنجیدہ مسئلہ ہے کہ شناختی کارڈ دیکھ کرمعصوم پختونوں کو اٹھایا جارہا ہے۔ فیصل واوڈانے کہا کہ کہا گیا ڈی چوک سے زبردستی علی امین گنڈا پور لے کر گئے لیکن فوٹیج آئیں کہ بشری بی بی خود چل کر گاڑی میں گئیں اور ڈی چوک سے چلی گئیں۔ انہوں نے کہا بشری بی بی اور اس کے حواری خان کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں اور یہ عمران خان کی لاش کا سودا کریں گے، پی ٹی آئی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہوجائیں گے جبکہ وزیراعلی گنڈا پور بشری بی بی کو گرفتار کروائیں گے اور وہ یہی بات طے کر کے اسلام آباد سے لے کر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساری گیم جیسے میں سمجھا رہا ہوں ویسی ہی ہو رہی ہے۔ گوگی گینگ، دولت کی لوٹ مار، بزدار سب بی بی کے ہیں، بچے اور ان کا پرانا شوہر بھی اربوں روپے بنا چکا ہے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کی بات پر یقین کریں ، بیگم صاحبہ کی یا علیمہ خان کی؟ میں یہ سمجھتا ہوں کہ بہنیں مخلص ہیں کیونکہ وہ عمران خان کی جان کا سودا کریں گی اور نہ ہی انہیں دولت طاقت سے کوئی مطلب ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق بیوی جمائما صاحبہ اور ان کے بچے بھی عمران خان سے مخلص ہیں، عمران کو چوری کرنی ہوتی تو جمائما کو طلاق دیتے ہوئے قانونی طور پر انہیں اربوں ڈالر مل سکتے تھے مگر انہوں نے نہیں لیے تو اس کا مطلب چور تو بنایا گیا ہے تاہم انہیں بری الذمہ قرار دیا نہیں جاسکتا کیونکہ ان کے ہی دستخط سے ساری چیزیں ہوئیں۔فیصل واوڈا نے کہا کہ کل عمران خان کا ایک اچھا بیان آیا تو اسی وقت ان کے ہینڈل سے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ٹویٹر پر بیان داغ دیا گیا، عمران خان تو ٹویٹر استعمال نہیں کرتے ، تو کون لوگ ہیں کہ ان کے لیے بہتری ہوتی ہے تو ان کے لیے تباہی کھڑی کر دیتے ہیں ؟اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ وہ سو فیصد پی ٹی آئی میں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال نے تین لاشوں کا بالکل درست سرٹیفکیٹ جاری کیا اور وجہ موت گولیاں لگنے کو قرار دیا مگر رپورٹ میں یہ تو نہیں لکھا ہوا کہ پی ٹی آئی نے اپنے بندے خود مارے ہیں یا پولیس نے مارے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت کی جو وضاحت ہے وہ اپنا دفاع نہیں کرپارہے جبکہ ڈفرز کی ایک فوج رکھی ہوئی ہے تو اس کا قصور وار میں نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کو مد نظر رکھتے ہوئے تین چیزیں بہت اہم ہیں ۔ آرمی چیف نے جو آج بیان دیا ہے اس کو بہت اہمیت دیں کیونکہ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج اپنے ملک اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے۔ہم کسی کے ساتھ ہیں نہ کسی کے مخالف ہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت جو بیانیہ بنا رہی ہے کہ اسٹیبشلمنٹ بمقابلہ پی ٹی آئی اے یہ بالکل غلط ہے کیونکہ ریاست کا پی ٹی آئیس ے کوئی مقابلہ نہیں بلکہ یہ حکومت اور تحریک انصاف کا مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور معاہدہ کر کے بشری بی بی کو خیبرپختونخوا لے کر گئے ہیں اور وہ ہی گرفتار کروائیں گے، بشری بی بی وزارت اعلی گنڈا پور کی وزارت اعلی کے چکر میں ہیں مگر وہ پہلے گرفتار ہوجائیں گی، اگر گرفتار کرنا ہوا تو خیبرپختونخوا بھی پاکستان کا ہی حصہ ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما کمپورومائزڈ ہیں اور بیان حلفی جمع کروا کے آئے ہوئے ہیں، عمر ایوب کا کام مکمل ہوچکا ہے لہذا وہ اب زیادہ اچھل کود نہ کریں کیونکہ پھر گھر آنے جانے میں بھی مشکل ہوسکتی ہے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے پاس بھی گیا جبکہ آصف زرداری کے پاس بھی جائوں گا، مولانا فضل الرحمان کے پاس بھی جائوں گا، بلاول کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی جان کو ان کی بیوی اور حواریوں سے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی جان کے بارے میں تشویش اہم ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کی جان بچانے کے لیے جتنی بھی ایس او پیز ہیں ان کو حکومت اور فول پروف کرے اور ایسا کر دے کہ کوئی چانس نہ ہو۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی