وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ساتویں مشترکہ کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان ترکیہ کے بعد دوسرا ملک ہے جس نے تاجکستان کی آزادی کو تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جاسکتی ہیں، دونوں ممالک میں دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔وزیر توانائی اویس لغاری نے مزید کہا کہ تاجکستان کو وسط ایشیا میں اہم مقام حاصل ہے اور یہ وسطی ایشیا کا گیٹ وے ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ساتویں مشترکہ کمیشن کا اجلاس وزارت اقتصادی امور کی میزبانی میں ہورہاہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی