i پاکستان

وزیراعظم سرینا چوک انڈر پاس کا ٹھیکہ ریلوے کی کمپنی کو دینے پر برہم،سنگ بنیاد رکھے بغیر ہی واپس روانہتازترین

August 03, 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے سرینا چوک انڈر پاس کا ٹھیکہ ریلوے کی کمپنی کو دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے اور سیکریٹری ریلوے کو کھری کھری سنادیں،وزیراعظم شہباز شریف سرینا چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کی بریفنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کو غصہ دلا دیا، وزیراعظم ٹھیکہ وزارت ریلوے کو دینے کا سن کر حیران رہ گئے، سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سنگ بنیاد منسوخ کردیا، نیا ٹینڈر جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سرینا چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تو سی ڈی اے چیئرمین نے انہیں منصوبے سے متعلق بریفنگ دی، جس پر وزیراعظم غصے میں آگئے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ سرینا چوک انڈر پاس ریلوے کی کمپنی تعمیر کرے گی، جس پر وزیراعظم نے حیرانی کا اظہار کیا اور اور سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے اور ریلوے حکام کو جھاڑ پلادی۔ شہباز شریف نے پوچھا کہ ریلوے کا کیا کام کہ سڑکیں اور انڈر پاس بنائے، ریلوے کی اپنی کارکردگی سب کے سامنے ہے یہ ان کا کام نہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سیکریٹری ریلوے کو آگے کیا تو وزیراعظم نے انہیں بھی جھاڑ پلادی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ وزارتوں کا کام کب سے ہوگیا کہ سڑکیں بنائیں۔ شہباز شریف نے سنگ بنیاد منسوخ کر دیا، منصوبے کا دوبارہ ٹینڈرز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نیا ٹینڈر ہو تو اس کی روشنی میں بہترین کمپنی کا انتخاب کیا جائے۔وزیراعظم شہباز شریف سرینا چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی