وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم )کو اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران سیٹ اپ سمیت تمام فیصلوں سے پہلے اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرادی۔ کنوینر متحدہ قومی مومنٹ پاکستان خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں 5 رکنی وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔40 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں اتحادی جماعت نے اپنے تحفطات بتائے۔ وزیراعظم نے پرانے شکوے دور کرتے ہوئے آئندہ تمام معاملات پر مشاورت کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے یا پرانی پر، ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ متحدہ رہنماوں نے آئی ایم ایف معاہدہ طے پانے اور کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی کی تعریف کی۔ ملاقات میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کی وزیراعظم کی جانب سے نگرانی کرنے اور آئی ایم ایف معاہدے پر بھی بات ہوئی۔ ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم ہاوس کے اعلامیے میں اس ملاقات کو نگران حکومت کی تشکیل کیلئے ایک کڑی قرار دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی