نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر میں جعلی زرعی ادویات کے سدباب کے لئے کریک ڈاون کا حکم دے دیا۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں میں کپاس کی بوائی و پیداوار بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں کپاس کے کاشتکاروں کو امدادی نرخ پر زرعی ادویات کی فراہمی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، پنجاب بینک کے"شاندار کپاس پروگرام" کے تحت کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرض دینے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ دوران اجلاس وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کاٹن کراپ مینجمنٹ کیلئے ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جارہا ہے، ینگ ایگریکلچرگریجوایٹس کے ذریعے کاٹن کراپ مینجمنٹ ایڈوائزری سروس شروع کی جائے گی، ملتان میں انٹرنیشنل کاٹن کانفرنس منعقد کی جائے گی، بہاولپور میں 2 لاکھ 8 ہزار 400 ایکڑ رقبے پر کپاس کی ریکارڈ بوائی مکمل ہوچکی ہے۔ اپٹما نے گزشتہ برس کی نسبت رواں برس زیادہ رقبے پر کپاس کی بوائی پر نگران وزیراعلی محسن نقوی اوران کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا، ماہرین کا کہنا تھا کہ اچھی فصل کیلئے ڈی اے پی، فاسفیڈ او ریوریا کھادوں کا استعمال ضروری ہے۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کا شتکار کے استحصال کی اجازت نہیں دیں گے، پولیس اور متعلقہ محکمے جعلی ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف بلامتیاز کارروائی کریں۔ سیکرٹری زراعت، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری خزانہ، اپٹما کے عہدیدار فواد مختار، انوار غنی، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، محکمہ زراعت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال کے کمشنرز اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی