i پاکستان

(ن) لیگ برطانیہ کے صدر کی نواز شریف سے ملاقات' برطانیہ میں پارٹی کی تنظیم کو مزید مضبوط کرنے سمیت آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیالتازترین

January 10, 2025

مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے صدر چوہدری عبدالرحمان کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات' برطانیہ میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم کو مزید مضبوط کرنے سمیت آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا' چوہدری عبدالرحمان نے پارٹی قائد کو سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر میں اضافے سے متعلق چلائی گئی خصوصی مہم بارے آگاہ کیا'سمندر پار بالخصوص برطانیہ میں مسلم لیگ (ن) کو فعال بنانے اورترسیلات زر بارے خصوصی مہم چلا نے پر چوہدری عبدالرحمان کی کاوشوں کو سراہا گیا'نواز شریف نے جلد آزاد کشمیر کا دورہ کرکے پارٹی کو مزید منظم کرنے اور آئندہ کا لائحہ عمل دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے صدر چوہدری عبدالرحمان نے یہاں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات کی جس میں انہوں نے پارٹی قائد کو برطانیہ میں جماعت کو مزید منظم اور اس کا دائرہ کار وسیع کرنے سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ سمندر پار پاکستانی بڑے پیمانے پر زرمبادلہ اپنے ملک بھجوا رہے ہیں تاکہ ترسیلات زر میں اضافے سمیت ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں آسانی لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ترسیلات زر کے بائیکاٹ کا اعلان کررہے ہیں وہ ملک دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں اور سمندر پار پاکستانی ان کی کسی کال کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے چوہدری عبدالرحمان کی کاوشوں کو سراہا اور آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال سے متعلق کہا کہ وہ جلد آزاد کشمیر کا دورہ کرینگے جس میں پارٹی رہنمائوں کو متحد کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی