موٹروے پولیس نے ایمانداری کی اعلی مثال قائم کردی 75 ہزار روپے مالیت کا گمشدہ موبائل تلاش کر کے مالک کے حوالے جبکہ ایک اور کارروائی میں گندم اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔تفصیلات کے مطابق ایک شخص اسلام آباد سے فیصل آباد کی جانب سفر کرتے ہوئے چکری سروس ایریا میں رکا جہاں وہ اپنا قیمتی موبائل فون جس کی مالیت کم و بیش 75 ہزار روپے تھی بھول کر روانہ ہو گیا۔ کچھ سفر طے کرنے کے بعد اسے معلوم ہوا تو اس نے فوراََ موٹروے پولیس سے مدد طلب کی۔ اطلاع پاتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور موبائل تلاش کر کے مالک کے حوالے کر دیا گیا جس پر شہری نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ ایک اور کاروائی کے دوران موٹروے پولیس نے گندم سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چکری انٹر چینج کے قریب ایک مشکوک ٹرک سے 12.5 ٹن گندم برآمد کرلی۔ ٹرک پنڈی بھٹیاں سے ٹیکسلا کی جانب جا رہا تھا۔ ابتدائی قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد گندم بمعہ ٹرک ڈرائیور ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کے حوالے کردی۔ دونوں کاروائیوں کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی موٹروے نارتھ زون محمد یوسف ملک نے افسران کو شاباش دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی