i پاکستان

ملک میں سردی کی شدت برقرار ، لاہور میں بوندا باندی سے سردی کی شدت میں اضافہتازترین

December 27, 2024

ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ مو سمیات کے مطابق اسکردو میں پارہ منفی 11، زیارت میں پارہ منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔قلات میں منفی 4 اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔اس کے علاوہ اسلام آباد اور پشاور 6 ، لاہور 9 اور کراچی میں درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشر قی پنجاب، بالا ئی خیبر پختو نخوا، مری ،گلیات اور گردونواح میں چندمقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ صوبے کے بالائی اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی۔پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ میں دھند چھائی رہے گی ، جبکہ صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان بھی دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

بالائی علاقوں میں سردی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی ، کالام اور دیر میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔پاراچنار میں درجہ حرارت منفی 3، جبکہ مالام جبہ، چترال اور تیمرگرہ میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثناء صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، ایمپریس روڈ میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ کوپر روڈ، ریلوے سٹیشن اور مغل پورہ کے علاقوں میں بارش ہوئی۔علاوہ ازیں ڈیفنس، پنجاب سوسائٹی، شنگھائی روڈ، کچا جیل روڈ، کوٹ لکھپت، غازی روڈ، شوکت ٹان، والٹن اور مولانا شوکت علی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔بارش کے باعث سموگ کی شدت میں کمی آگئی جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، بارش کے باعث شہریوں کو خشک سردی سے نجات ملے گی، خشک سردی کے باعث نزلہ، کھانسی جیسی بیماریوں سے بھی چھٹکارہ ملے گا۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی