ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔اسکردو میں برف باری جاری ہے جس کی و جہ سے پارہ منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا اور اس کے ساتھ ملک کا سرد ترین علاقہ رہا۔برف باری کے باعث استور کے بالائی علاقوں کا زمینی راستہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔دوسری جانب آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں برف باری کے بعد سیاحوں کی آمد جاری ہے جبکہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بھی شدید سردی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور زیارت میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے دوسری جانب پنجاب میں ہر سو دھند کا راج ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار، موٹروے ایم 5 شیر شاہ ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ۔
عمران احمد نے بتایا کہ شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 3 فیض پور لاہور سے درخانہ اور موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک دھند کی وجہ سے بند کی گئی ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔سید عمران احمد نے کہا کہ ڈرائیور حضرات گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ترجمان موٹروے پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور حضرات معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی