سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کے خلاف میرٹ کے برعکس بھرتیوں کے مقدمے میں بدھ کو بھی فرد جرم عائد نہیں ہو سکی، عدالت نے فرد جرم کے لیے 21 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی۔اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سردار اقبال ڈوگر نے چوہدری پرویز الہی کے خلاف مقدمے کی سماعت کی، سابق وزیر اعلی پنجاب عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے پرویز الہی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔عدالت نے استفسار کیا کہ پرویز الہی کہاں ہیں تو ان کے وکلا نے بتایا کہ پرویز الہی کل عدالتوں میں پیش ہوئے، جس کی وجہ سے ان کے گھٹنے میں تکلیف ہے اور ڈاکٹرز نے انھیں چلنے پھرنے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ہر سماعت پر کوئی نہ کوئی ملزم غیر حاضر ہو جاتا ہے، عدالت نے ہدایت کی کہ فرد جرم کے لیے آئندہ سماعت پر انھیں پیش کریں، سرکاری وکیل نے کہا یہ تاخیری حربے ہیں ہر سماعت پر میڈیکل پیش کر دیا جاتا ہے۔عدالت نے ایک پیشی کی استثنی منظور کر لی، ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے پنجاب اسمبلی میں میرٹ کے برعکس بھرتیاں کی تھیں۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی