مغربی ہوا ئو ں کی انٹری سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ 17ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر میں ہوا کی رفتار 6کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ۔ 6 جنوری تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ادھر فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور کا پاکستان میں آج بھی تیسرا نمبر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 216 ریکارڈ کی گئی ہے۔دوسری جانب اسلام آباد وگردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔شمالی و مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان، کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے، رات کے دوران بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر درمیانی سے شدید بارش برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے زیادہ ترمیدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں صبح و رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، راولپنڈی، اٹک، جہلم میں بارش جبکہ مری گلیات اور گردو نواح میں ہلکی بارش کیساتھ برفباری بھی متوقع ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب موٹرویز ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن سمیت مختلف مقامات سے دھند کی وجہ سے بند کر دی گئیں۔موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق عبد الحکیم موٹروے ایم 3 جبکہ ایم 5 شیر شاہ ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کی وجہ سے بند ہے ، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پرٹریفک معطل ہے۔ترجمان موٹروے نے بتایا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، روڈ یوزرز دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں، ڈرائیور حضرات آگے اور پیچھیدھند والی لائٹس کا استعمال کریں، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ترجمان موٹروے نے ڈرائیوز سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں جبکہ معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی