i پاکستان

کسی کو بھی غیر قانونی طور پر پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، محسن نقویتازترین

January 09, 2025

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی کو بھی غیر قانونی طور پر پاکستان میں رہنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور امریکی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نیٹلی بیکر بھی اس موقع پر موجود تھے۔محسن نقوی نے پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کیلئے امریکی سفیر کی خدمات کو سراہا اور ڈونلڈ بلوم کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔امریکی سفیر نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے، عالمی برادری کو ملکر کر دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے لائحہ عمل بنانا ہوگا، کسی کو بھی غیر قانونی طور پر پاکستان میں رہنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان میں تعیناتی کے دوران تمام اداروں کا بھر پور تعاون حاصل رہا۔دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ اور انسداد منشیات محسن نقوی نے اے این ایف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل عبد المعید، ہلال امتیاز (ملٹری ) نے وفاقی وزیر دا خلہ کا استقبال کیا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو اے این ایف کی طرف سے سال 2024 کے دوران منشیات کی سمگلنگ کے خلاف حاصل کی گئی کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔محسن نقوی نے منشیات سمگلنگ کے خلاف اے این ایف کی کاوشوں کو سراہا اور ملک میں منشیات کے بڑھتے رجحان اور درپیش مسائل کا ادراک کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹیکس فورس کی کاوشوں کی تعریف کی۔وفاقی وزیر نے تعلیمی اداروں کے طلبا اور نوجوان نسل کو منشیات فروشی میں ملوث عناصر کیخلاف اے این ایف کی جاری خصوصی مہم کی بالخصوص تعریف کی۔محسن نقوی نے منشیات کے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے محکمے کی پیشہ ورانہ ضروریات پوری کرنے کیلئے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹیکس فورس کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی