وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور کرم میں امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ترجمان وزیراعلی ہائوس خیبرپختونخوا کے مطابق کرم میں رابطہ سڑکوں کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات کے پیش نظر وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ہیلی کاپٹر سروس جاری ہے۔گذشتہ روز ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کی کرم کے لئے کل چھ پروازیں ہوئیں، ان پروازوں کے ذریعے 145 مریضوں کو ائیر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔ پہلی پرواز کے ذریعے 29 مریضوں کو پشاور سے پاراچنار پہنچایا گیا، اسی پرواز کے ذریعے بچوں کے لئے دودھ کے پیکٹس بھی پارا چنار بھیجی گئیں، دوسری پرواز میں 31 مریضوں کو پاراچنار سے کوہاٹ منتقل کیا گیا۔ کرم کا زمینی راستہ کھلنے تک ہیلی کاپٹرسروس جاری رہے گی، گزشتہ روز ایم آئی 17 کی کرم کے لئے کل چھ پروازیں ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ہیلی کاپٹرسروس سے مجموعی طور 613 افراد کو ایئر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی گئی، جرگہ ممبران کے علاوہ عام شہری جن میں بچے، خواتین، طلبہ اور مریض شامل ہیں کو سہولت فراہم کی گئی۔وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کرم کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس ہے، صوبائی حکومت کی کوشش ہے کرم کے عوام کو درپیش مسائل جلد سے جلد حل ہوں، امید ہے جلد کرم کے مسئلے کا پرامن حل نکل آئے گا اور وہاں زندگی معمول پر آئے گی۔علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ مسئلے کے پرامن اور قابل قبول حل کے لئے حتی الوسع کوششیں کررہے ہیں، فریقین اورعمائدین علاقے کے امن کی خاطر صوبائی حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ اب تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے 10 ٹن ادویات کرم پہنچائی جا چکی ہیں، امید ہے کرم مسئلے کا پرامن حل نکل آئے گا۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی