i پاکستان

کراچی، سیکورٹی گارڈ نے جھگڑے کے دوران فائرنگ کرکے ساتھی کو قتل کردیا ،ملزم فرارتازترین

December 26, 2024

کراچی میں جھگڑے کے دوران ایک سیکورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے دوسرے سیکورٹی گارڈ کو قتل کردیا جبکہ نامعلوم ملزمان گھر میں گھس کر خاتون کو قتل کرکے فرار ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق ایس ایچ او شارع نور جہاں عابد شاہ نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد بلاک جے ریمبو بیکری کے قریب ایک محلے میں 2 سیکورٹی گارڈ تعینات تھے۔ گذشتہ شب دونوں سیکورٹی گارڈز نامعلوم وجوہات کی بنا پر جھگڑے کے دوران آپس میں لڑے۔ایک سیکورٹی گارڈ نے طیش میں آکر دوسرے گارڈ کو گولی مار دی۔جاں بحق سیکورٹی گارڈ کی شناخت 36 سالہ عباس علی ولد محمد بخش عمرسے ہوئی ۔فائرنگ کرنے والے سیکورٹی گارڈ کانام رفیق معلوم ہوا ہے جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس واقعہ کی تفتیش کررہی ہے۔ دوسری جانب لانڈھی گلشن بونیر کے علاقے میں گھر میں گھس کر 2نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں واقع ایک گھر میں داخل ہوکر 2نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک خاتون کو قتل کردیا، جس کی شناخت 34 سالہ رضیہ زوجہ ثنا اللہ سے ہوئی ۔

خاتون کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتولہ کی12 سالہ بیٹی نیپولیس کو ابتدائی معلومات میں بتایا کہ میں نے گھر میں 2نامعلوم افراد کو دیکھا جنہوں نے فائرنگ کرکے میری والدہ کو قتل کردیا۔ مقتولہ کا شوہر چوکیدار ہے اور اس کے 2بچے ہیں جب کہ مقتولہ کا آبائی تعلق محسود قبیلہ وزیرستان سے ہے۔پولیس نے مختلف پہلوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے قتل کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس ایچ او قائد آباد نے بتایا کہ واقعہ ابتدائی طور پر قبائلی یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد قتل کی وجوہات سامنے آئیں گی۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی سے پولیس نے باپ کے قتل میں ملوث سفاک بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ذرائع کے مطابق پی آئی بی سے پولیس نے باپ کے قتل میں ملوث بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم نے 20 اگست 2024 کو اپنے دوست کے ساتھ مل کراپنے والد عبدالغنی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ساتھی ملزم شبیر کو گرفتار کرلیا تھا تاہم واردات کے بعد سے مرکزی ملزم فرار تھا۔تاہم اب ملزم شوکت کو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے، ملزم نے جائیداد کے تنازع پر قتل کی واردات کی تھی۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی