کراچی کے علاقے گارڈن سے اغوا کیے گئے دو بچوں کی تلاش کے دوران پولیس نے 19 مشتبہ افراد کو حراست میں لینے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان سے ٹھوس شواہد اکھٹے کیے گئے ہیں۔ چند روز قبل گارڈن ویسٹ سے 5 سالہ علیان عرف علی اور 6 سالہ علی رضا لاپتا ہوگئے تھے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل ساتھ سید اسد رضا نے بتایا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا ہے کہ انہیں موٹر سائیکل پر سوار ایک مرد اور خاتون اپنے ساتھ لے گئے تھے۔گارڈن پولیس نے علیان کی والدہ زینب یونس کی مدعیت ایف آئی آر درج کی ہے۔بعد ازاں، ایس ایس پی عارف عزیز کی سربراہی میں دونوں لاپتا بچوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا گیا، اس آپریشن میں گارڈن، نبی بخش، کالاکوٹ، چاکیواڑہ، کلری اور دیگر تھانوں کے ایس ایچ اوز سمیت لیڈی کانسٹیبلز اور انٹیلی جنس اسٹاف نے حصہ لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 19 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا جب کہ ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ایس ایس پی عارف عزیز کا کہنا تھا کچھ شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں جس سے پولیس کو بہت جلد بچوں کی بازیابی میں مدد ملنے کا امکان ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی