سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے اطراف سکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق سکیورٹی خدشات پر ائیرپورٹ کے اطراف سکیورٹی مزید بڑھادی گئی ہے جس کے تحت ماڈل کالونی سے جناح ٹرمینل جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا بتانا ہے کہ اسٹار گیٹ سے جناح ٹرمینل آنے والی سڑک اور پہلوان گوٹھ سے ائیرپورٹ آنے والی سڑک پر ناکہ لگایا گیا ہے۔ٹریفک کو ماڈل کالونی سے شاہراہ فیصل کی طرف موڑا جارہا ہے اور جناح ٹرمینل جانے والی سڑک بند ہونیسے ماڈل کالونی روڈ پرٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ سڑکوں کی بندش اور ناکوں سے ائیرلائن اسٹاف، مسافروں اور دیگر ملازمین کو ائیرپورٹ پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے جب کہ اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کو رخصت کرنے یا ان کے استقبال کے لیے آنے والوں کے لیے نئی شرائط عائد کی گئی تھیں جس کے تحت ایک مسافر کے ساتھ 4 شہری ائیرپورٹ جا سکیں گے جب کہ ٹکٹ کی کاپی نہ ہونے پر ائیرپورٹ میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی