i پاکستان

قومی ایئرلائن کو 3 ماہ کی قلیل مدت میں 36 ارب روپے سے زائد کا نقصانتازترین

May 31, 2023

قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) کو صرف تین ماہ کی قلیل مدت میں 36 ارب 77 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوگیا۔ پی آئی اے نے مارچ 2023 کو اختتام پذیر سہہ ماہی مالی نتائج جاری کردیے، پی آئی اے کا فی حصص نقصان 2 روپے 60 پیسے سے بڑھ کر 7 روپے 2 پیسے تک پہنچ گیا۔ رپورٹ کے مطابق جنوری تا مارچ 2023,پی آئی اے کی آمدنی 59 ارب روپے رہی، گذشتہ سال کی سہہ ماہی آمدنی کی نسبت رواں سہہ ماہی آمدنی میں 24 ارب روپے اضافہ ہوا۔ پی آئی اے کو 3 ماہ میں قبل از ٹیکس 5 ارب کا گراس پرافٹ ہوا۔ ترجمان کے مطابق تنخواہوں اور جاری اخراجات کی مد میں 28 ارب 55 کروڑ روپے خرچ کئے گئے، گذشتہ سہہ ماہی میں پی آئی اے نے تنخواہوں اور جاری اخراجات کی مد میں 21 ارب روپے خرچ کئے تھے۔ حکام کے مطابق مارچ 2023 کی سہہ ماہی میں پی آئی اے نے 25 ارب 60 کروڑ روپے کا فیول خریدا، نقصان میں بڑا حصہ دگنا ہوجانے والے فیول اخراجات کا ہے، فیول اور ڈالر مہنگا ہونے اور اخراجات پر قابو نہ پانے سے نقصانات میں اضافہ ہوا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی