ملک کے مختلف علاقوں کوئٹہ ، شکار پور،وزیر آباد اور لوئر دیر میں تین مختلف ٹریفک حادثات میں کم سے کم 6 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔تفصیل کے مطابق بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹنے سے 3 افراد جاں بحق اور 18 سے زائد زخمی ہوگئے۔افسوسناک ٹریفک حادثہ کوئٹہ کے کوئٹہ میں سونا خان ناکے کے قریب پیش آیا جہاں مسافر کوچ الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ 18 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، زخمیوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا کردیا گیا۔ ادھر سندھ کے شہر شکارپور میں قومی شاہراہ پر تیز رفتار کار اور ٹرالر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔شکارپور میں قومی شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث مہران کار اور ٹرالر میں تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں کار میں سوار 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔لاشوں کی شناخت حاکم علی، اختیار علی اور احمد علی کے نام سے ہوئی جبکہ لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق کار سکھر سے شکارپور آرہی تھی کہ حادثہ پیش آگیا، حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ پولیس نے ٹرالر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔اس کے علاوہ پنجاب کے شہر وزیرآباد میں جنڈیالہ ڈھاب والا کے قریب بس نے منی ٹرک کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ مسافر بس کی تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔دریں اثناء لوئر دیر میں دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق لوئردیر میں رانی کے مقام پر فلائنگ کوچ اور فیلڈر گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے میں زخمی ہونیو الے افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے تیمرگرہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق فلائنگ کوچ تل کمراٹ سے تیمرگرہ جا رہی تھی۔ تصادم میں زخمی ہونے والے افراد میں باچا خان ، عبدالقہار ، ساجد، محمد شیر، ابدل، فضل کریم ، روح اللہ، عبداللہ ،ارشد فہد اور سمرین شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی