i پاکستان

کوئٹہ، مغربی بائی پاس پر پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ،ایک اہلکار زخمی، گاڑی کو جزوی نقصان پہنچاتازترین

November 22, 2024

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ سندھ کے ضلع کشمور میں ڈاکوئوں نے پولیس کی بکتر بند پر راکٹ لانچر سے حملہ کیا گیا جس میں 2 راہگیر شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر ہوا ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئے۔پولیس حکام نے بتایا کہ بروری کے علاقے مغربی بائی پاس پر مددگار پولیس کی گاڑی پر دستی بم حملہ کیا گیا۔پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوا جب کہ مددگار پولیس کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔ دریں اثناء سندھ کے ضلع کشمور میں ڈاکوئوں نے پولیس کی بکتر بند پر راکٹ لانچر سے حملہ کردیا۔ ڈاکوئوں کی جانب سے پولیس کی بکتر بند پر راکٹ لانچر سے حملہ کشمور کے علاقے گیھلپور میں کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق حملے کے دوران پولیس اہلکار محفوظ رہے جب کہ 2 راہگیر شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے متعلقہ ہسپتال کشمور منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں میں ارسلا شر اور شبیر شر شامل ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جسے علاج کے لیے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔حملے کی اطلاع کے فوری بعد کچے کے علاقے میں کارروائی کے لیے مزید پولیس کی نفری طلب کر لی گئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی