i پاکستان

خیبرپختونخوا حکومت کا الیکشن کمیشن کیخلاف رٹ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہتازترین

November 08, 2024

خیبرپختونخوا حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رٹ پٹیشن مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو نہ دینے کے خلاف دائر کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے کے باوجود مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ، خیبر پختونخوا کے سینیٹ سیٹوں پر انتخابات کیلئے شیڈول بھی تاحال جاری نہیں کیا گیا، رٹ پٹیشن کی منظوری وزیراعلی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں دی گئی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے پٹیشن دائر کرنے کیلئے ایڈووکیٹ جنرل کو اجازت دے دی، سپریم کورٹ کے 8 ججز نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن پہلے تاخیری حربے استعمال کر رہا تھا اب کھلم کھلا سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر کے متعصبانہ رویے نے پی ٹی آئی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اعلی عدلیہ کی حکم عدولی پر الیکشن کمشنر توہین عدالت اور آرٹیکل 6 کے مرتکب ہو چکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی