پنجاب پولیس کا کچہ کے علاقے میں ڈاکوں کے خلاف آپریشن 45ویں روز میں داخل ہوچکا ہے، پولیس نے کچہ مورو میں ڈاکوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کچہ مورو میں ڈاکوں کی کمین گاہوں پر راجن پور پولیس کی جانب سے 3 نئی پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں، آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کچہ میں فرنٹ لائن پر جوانوں کے ہمراہ موجود ہیں۔ ترجمان کے مطابق کچے کا 75 فیصد حصہ دہشت گردوں، ڈاکوں سے کلیئر کروا لیا گیا ہے اور مزید پیش قدمی جاری ہے، آپریشن میں اب تک 7 ڈاکو ہلاک، 31 گرفتار جبکہ 13 سرنڈر کر چکے ہیں، فورسز نے ڈاکوں کے قبضے سے 9 مغوی بھی بازیاب کروائے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی