وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ویڈیو بیان پر مقدمات میں بشری بی بی ضرورگرفتار ہوں گی۔ ایک انٹرویو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں آگ لگی ہوئی ہے، علی امین گنڈا پوراحتجاج کر رہے ہیں، انہیں اسلام آباد فتح کرنے کے بجائے صوبے میں ہونا چاہیے، گن پوائنٹ پرمذاکرات پریقین نہیں رکھتا، ایسے لوگوں سے مذاکرات نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بدترین خون ریزی ہورہی ہے، امن وامان صوبوں کی ذمہ داری ہے،اگرمسلح جتھے اسلام آباد لاسکتے ہیں توپارا چناربھی جائیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پورکے قافلے سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں، وزیر اعلی خیبر پختونخوا جیسے لوگوں کی کوئی ساکھ نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے زیادہ صوبے کا امن اہم ہے۔راستوں کی بندش کے حوالے سے سوال پر خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کے راستے کھلے ہیں، پنجاب کے کسی شہر سے ان کے لوگ نہیں نکلے، لاہورکی ان کی لیڈرشپ ڈیڑھ سال سے غائب ہے جبکہ بشری کے ویڈیو بیان پر مقدمے کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کی گرفتاری ضرور ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی