i پاکستان

جڑواں شہروں میں معمولات زندگی بحال،تعلیمی ادارے اور ماتحت عدالتیں آج کھلیں گی ،اسلام آباد پولیس کا فلیگ مارچتازترین

November 27, 2024

پی ٹی آئی کا احتجاج ختم ہونے کے بعد جڑواں شہروں میں معمولات زندگی بحال ہوگئے جبکہ راستے بھی کھل گئے، اسلام آباد پولیس نے ڈی چوک سے جناح ایونیو پر فلیگ مارچ کیا۔ حالات نارمل ہوتے ہی جیل سے ملزمان کی پیشی کے ساتھ عدالتوں میں مقدمات کی ریگولر سماعت شروع ہوجائے گی۔ ماتحت عدلیہ کے مطابق آج جمعرات 28 نومبر سے جو ملزمان حاضر نہیں ہوں گے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے۔گزشتہ 6 روز سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کی عدالتوں میں ملزمان پیش نہیں کیے جا رہے تھے۔ ملزمان کے جیل سے پیش نا ہونے سے جڑواں شہروں میں چھ دن میں 24 ہزار کیسوں کی سماعت نہیں ہو سکی۔ آج اسکولز کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع بھر کے تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکولز کالجز کھلیں گے۔پرائیویٹ اسکولز کی تینوں تنظیموں نے بھی آج سے اسکولز کھولنے کا اعلان کر دیا۔ صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق تمام اسکولز کھول رہے ہیں۔ صدر اپسما کا کہنا تھا کہ طلبہ و طالبات کے والدین کو وٹس ایپ میسجز کر دیے گئے ہیں۔سرکاری اسکولز کے دفاتر بھی کھل گئے، اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی بدھ کے روز سے ہی حاضری شروع ہوگئی۔جمعے سے جاری امتحانات کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا اور جمعرات سے ایجوکیشن بورڈ کے جاری پریکٹیکلز بھی معمول مطابق ہوں گے۔دریں اثناء جڑواں شہروں میں تمام بس اڈوں کو چار روز بعد کھول دیا گیا جبکہ میٹرو بس سروس تاحال بند ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی