مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہاہے کہ صوابی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانا جعلی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے، امریکہ کا جھنڈا لہرانے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ امریکی جھنڈا جعلی حکومت کے کارندوں نے سازش کے تحت لہرایا، جعلی حکومت اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں کی ماہر ہے، ایسی حرکتوں سے جعلی حکومت بانی پی ٹی آئی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں ، وزیراعلی نے واقعہ پر برہمی کا اظہار کیا ہے، جھنڈا لہرانے والے کے خلاف کارروائی کی جائیگی، پی ٹی آئی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانے کے عمل کو مسترد کرتی ہے ۔ واضح رہے کہ صوابی میں پی ٹی آئی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی