مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے اسلام آباد سیل کرکے احتجاج کی کامیابی پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے ۔اپنے ایک بیان میں حکومت کی جانب سے راستوں کی بندش پر ردعمل دیتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا ملک کے دیگر شہروں سے رابطہ منقطع کردیا گیا ہے، مینڈیٹ چور حکومت عوام کی زندگی اجیرن کرنے کی بجائے عوام کا حق واپس کرے۔انہوں نے کہا کہ فسطائی ہتھکنڈوں کی بجائے جمہوری انداز اپنائیں ورنہ ناکامی آپ کا مقدر بنے گی، موٹروے اور پنجاب کی شاہراہوں کو بند کرنا احتجاج کی کامیابی کا مظہر ہے، ان کو ہوٹل، تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور لاری اڈوں تک کو بند کرنا پڑا، اپنی جعلی سلطنت بچانے کے لئے پورے پاکستان کو بند کردیا گیا ہے۔بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ کہاں ہیں وہ درباری وزرا جو کہتے تھے 50 لوگ بھی نہیں نکلیں گے، 50 لوگوں کے ڈر سے پورا پاکستان بند کردیا گیا ہے؟ جعلی حکومت کچھ بھی کرلے اس کا خاتمہ یقینی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی