امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کا جی ایس پی پلس اور چین کے ساتھ ایف ٹی اے سرمایہ کاروں کیلئے اضافی فوائد فراہم کرتا ہے۔ انہوں یہ بات گریٹر نیویارک چیمبر آف کامرس کے صدر مارک جافی سے ملاقات کہی ۔ملاقات میں پاکستان اور نیویارک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے انہیں آئندہ برس اپریل میں لاہور میں ہونے والے چوتھے انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ملاقات کے دوران مارک جافی نے پاکستان کے ٹیکسٹائل، لیدر، سرجیکل اور آئی ٹی کے شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر نے پاکستانی امریکن انویسٹمنٹ بینکرز، آئی ٹی پروفیشنلز اور تاجروں سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، زراعت اور سیاحت میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت پیدا مواقع سے امریکن پاکستانیوں کو بھی بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ رضوان سعید نے نیویارک کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبا سے بھی ملاقات کی۔سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات ملک کا امیج عالمی سطح پر بلند کرنے کیلئے اقدامات کریں، تعلیمی سرگرمیوں میں سبقت لیں تاہم اپنے ثقافتی ورثے سے جڑے رہیں۔اس موقع پر نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ طلبہ و طالبات کے تعلیمی اور پیشہ وارانہ اہداف کے حصول میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی