انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔پی ٹی آئی ڈی چوک احتجاج پر درج مقدمات پر اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے 3 مقدمات میں پانچ، پانچ ہزار روپے مچلکوں کے عوض 16 دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔دوران سماعت، شیر افضل مروت نے کہا کہ جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے میرے قومی اسمبلی والے الفاظ کی وجہ سے سماعت نہیں کی، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ ایسا نہ کیا کریں۔پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ سر کیا کریں مجبور ہوجاتے ہیں، جب انصاف کا نظام تباہ ہوتا ہے سب تباہ ہو جاتا ہے۔عدالت نے کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔دو سری جانب پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے خلاف بھی تھانہ کھنہ کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے۔شیر افضل مروت عبوری ضمانت کرانے کچہری پہنچے تو ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف محمود خان نے دونوں مقدمات میں 16 دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی